دبئی میں مکان کی چابی بروقت مالک کے حوالے نہ کرنا کرائے دار کو مہنگا پڑ گیا- 95 ہزار درہم کرایہ ادا کرنا پڑا-
الامارات الیوم کے مطابق مصر سے تعلق رکھنے والے کرایہ دار کو اچانک سفر کرنا پڑا۔ اس کی فیملی اپنے ملک میں ٹریفک حادثے سے دوچار ہو گئی تھی۔ سفر کرتے وقت کرایہ دار نے مکان اپنے ایک دوست کے حوالے کر دیا تھا اور اسے تاکید کی تھی کہ کرائے کا دورانیہ پورا ہونے پر مکان کی چابی ریئل سٹیٹ ایجنسی کے مینیجر کے حوالے کردے۔ دوست نے ایسا نہیں کیا جس پر ایجنسی نے خود کار سسٹم کے تحت کرایے کے معاہدے کی توسیع کر دی۔
مزید پڑھیں
-
امارات: کرایہ داروں کے لیے نئی پابندی کیا؟Node ID: 454066
دبئی میں غیرمنقولہ جائیدادوں کے محکمے کے ماتحت مکانات اور دکانوں کے کرائے کے تنازعات نمٹانے والے سینٹر نے واضح کیا ہے کہ کرایہ دار کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرائے کے معاہدے کو اچھی طرح سے سمجھے۔ کرائے کے معاہدے کی ایک دفعہ یہ ہوتی ہے کہ اگر میعاد ختم ہونے پر کرایہ دار معاہدہ ختم کرنے کی رپورٹ نہ کرے تو ایسی صورت میں کرایہ کے معاہدے میں خود بخود توسیع ہوجاتی ہے۔
سینٹر کے چیئرمین قاضی عبدالقادر موسی نے بتایا کہ ہمارے پاس اس طرح کے کیس آتے رہتے ہیں- مکان کی چابی حوالے نہ کرنے سے کرایہ دار مشکل میں آ جاتا ہے کبھی کبھار انسانی حالات مختلف نوعیت کے ہوتے ہیں۔ موضوع بحث تنازع بھی ایسا ہی ہے- مصری نوجوان اپنے ملک میں فیملی کے ٹریفک حادثے سے دوچار ہونے پر اچانک سفر کر گیا اور چابی حوالے نہیں کی۔