سعودی عرب واپسی پر 3 دن ہاؤس آئسولیشن
ایس او پیز پر مشتمل گائیڈ بک جاری کردی گئی ہے۔(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کے لیے سعودی عرب آنے کے لیے کورونا وائرس سے پاک ہونے کا ثبوت دینا لازمی ہے۔
کسی بھی غیرملکی کو رجسٹرڈ اور معتبر میڈیکل سینٹر سے کورونا وائرس سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کیے جانے تک سعودی عرب کے کسی بھی ائیر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان ابراہیم الرؤسا نے بدھ کو کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق پریس کانفرنس میں کہا کہ مملکت آنے والے تمام افراد کو وزارت صحت کی نگرانی میں ہاؤس آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہر آنے والے کو تین دن تک ہاؤس آئسولیشن میں رکھا جائے گا بشرطیکہ اس کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی ہو۔
محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان نے بتایا کہ بیرون مملکت جانے والوں کے لیے ایس او پیز پر مشتمل گائیڈ بک جاری کردی گئی ہے۔
ابراہیم الرؤسا نے فضائی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ ٹکٹ بک کراتے وقت مسافروں کو سفر کے نئے ضوابط اور شرائط سے اچھی طرح سے آگاہ کرنے کا اہتمام کریں۔