Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان: کندھے، گھٹنے ڈھانپیں یا جیل جائیں

حکام کے مطابق ان قواعدوضوابط میں نقاب کرنا لازمی نہیں (فوتو: روئٹرز)
خلیجی ریاست عمان میں حکام کے مطابق شاپنگ مالز میں خریداروں کو اخلاقیات کی پاسداری نہ کرنے کی صورت میں جرمانوں اور قید کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔
قومی اخبار دی ٹائمز آف عمان کے مطابق اپنے کندھے، گھٹنے اور سینہ کو مناسب طریقے سے نہ ڈھانپنے والے  مرد اور خواتین کو 780 ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے اور تین ماہ کی قید ہو سکتی ہے۔
دکانوں اور مالز میں اخلاقیات کی پاسداری نہ کیے جانے کی شکایات پر یہ قواعد و ضوابط تجویز کیے گئے ہیں۔
مسقط میں میونسپل کونسل کے پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئرمین قیس بن محمد المعشاری کے مطابق لباس سے متعلق تفصیل بیان نہیں کی گئی لیکن اس میں جسم کندھوں سے گھٹنوں کے نیچے تک ڈھانپنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لوگوں کا لباس ایسا ہونا چاہیے جو ان کے جسم کو موزوں طور پر ڈھانپے۔ لباس میں سے جسم نظر نہ آئے اور اس پر کوئی غیرموزوں نقش اورعکس نہ بنے ہوں۔
چیئرمین قیس بن محمد المعشاری نے یہ واضح کیا کہ نقاب اوڑھنا لازمی نہیں کیونکہ مذہبی رواداری اور سیاحت کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔
ان تجاویز پر میونسپل کونسل کی جانب سے اگلے مہینے بحث ہوگی اور رائل کورٹ کی وزارت سے منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد ہوگا۔

شیئر: