Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: عمرہ زائرین کے لیے انتظامات کیا ہیں؟

عمرہ زائرین کو حرم شریف آنے پر کوئی زحمت نہیں ہوگی- فوٹو العربیہ
سعودی عرب میں مقدس مساجد کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو کسی طرح کی کوئی زحمت نہیں ہوگی۔ مقدس مساجد اور ان کے زائرین کی خدمت ہمارے لیے باعث فخرو اعزاز ہے۔  
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق السدیس نے کہا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین و معتمرین کو نئے کورونا وائرس سے بچانے کے لیے حفاظتی انتظامات کرلیے گئے ہیں۔  
انہوں نے انتظامیہ کے تمام کارکنان کو ہدایت کی کہ زائرین کی خدمت میں ادنی فروگزاشت سے کام نہ لیں۔ انہیں آب زمزم کے سلسلے میں کسی طرح کی کوئی زخمت نہ ہو۔ زائرین کی آمد و رفت کو محفوظ اور آسان بنایا جائے گا۔ 
سبق ویب سائٹ نے جنرل پریذیڈنسی کی ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ عمرہ زائرین کی صحت و سلامتی کی حفاظت کے لیے جو اقدامات کیے گئے ہیں اس کے مطابق مسجد الحرام کو روزانہ دس بار سینیٹائز کیا جائے گا- 
آئندہ اتوار سے ہر عمرہ گروپ کے داخل ہونے سے پہلے اور نکلنے کے بعد سینیٹائزنگ کا کام انجام دیا جائے گا۔ 
عمرہ زائرین کو آب زمزم کی بند بوتلیں تحفے کے طور پردی جائیں گی- 
 خانہ کعبہ اور حجر اسود چھونے کی اجازت نہیں ہوگی- 
 خانہ کعبہ کے اطراف قائم رکاوٹوں کے  باہر ہی سے طواف کا موقع دیا جائے گا جبکہ عمرہ زائرین کو خانہ کعبہ کے قریب نہیں جانے دیا جائے گا- 
مسجد الحرام میں کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے سپیشل کمرے مختص ہوں گے۔ کسی بھی معتمر پر کورونا وائرس کی علامتیں ظاہر ہونے کی صورت میں ایک منٹ کے اندر اس کی اطلاع متعلقہ ادارے کو ہوجائے گی۔ اس حوالے سے موثر اور تیز رفتار نظام قائم کیا گیا ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: