Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات اب چاند پر مشن بھیجےگا

امارات کا تیار کردہ روور 2024 میں چاند پر بھیجا جائے گا۔( فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات مریخ کے بعد چاند کے اسرار دریافت کرنے کے لیے اپنا تیار کردہ روور 2024 میں چاند پر بھیجے گا۔
مشن کی کامیابی کی صورت میں امارات، امریکہ، روس اور چین کے بعد چاند کی سطح پر اترنے والا پہلا عرب اور دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد نے منگل کو کہا کہ’ اماراتی روور 2024 میں چاند پر اترے گا۔'
الامارات الیوم کے مطابق محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ’ اماراتی روور چاند کے ایسے مقامات تک رسائی حاصل کرے گا جہاں تک ابھی انسانی مہم جوؤں کی رسائی نہیں ہوسکی ہے‘۔
امارات کے نائب صدر نے بتایا کہ چاند کی دنیا کا پتہ لگانے والے اماراتی روور کو ’راشد‘ نام دیا گیا ہے۔ 
شیخ محمد بن راشد نے مزید کہا کہ’ چاند کی دنیا کا پتہ لگانے والوں میں امارات، عربوں میں پہلا اور دنیا میں چوتھا ملک ہوگا۔ اماراتی روورملکی اور بین الاقوامی ریسرچ سینٹرز کو چاند کے نئے علاقوں کی تصاویر اور تفصیلات بھیجے گا‘۔ 
محمد بن راشد نے بتایا کہ چاند کےاسرار کا پتہ لگانا امارات کی خلائی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ہمارا ملک ریاست کے لیے نئے امکانات دریافت کرنا چاہتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ  امارات میں سپیشلسٹ خلائی عملہ تیار ہو جو امارات میں ریسرچ، سائنس اور ٹیکنالوجی کا معیار بلند کرے۔ 
محمد بن راشد نے بتایا کہ چاند پر بھیجے جانے والا روور امارات ہی میں  تیار کیا جائے گا۔ 
مشن کا مقصد چاند کی سطح کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کرنا ہے جس میں چاند کی مٹی اور اس کی تشکیل اوراجزا، اس کی حرارتی خصوصیات اور ترسیل کی خصوصیات کی جانچ کی جائے گی۔ مشن کے دوران روور چاند کی سطح کی تصاویر لے گا اور دبئی کے کنٹرول روم میں واپس بھیجے گا۔ مشن مادی سائنس، روبوٹکس، نقل و حرکت، نیویگیشن اور مواصلات میں نئی ​​ٹیکنالوجیز کا بھی تجربہ کرے گا۔
 امارات کا چاند پر بھیجے جانے والا روور چاند کی سطح کے ایک ایسے علاقے پر اترے گاجہاں اس سے پہلے کوئی مشن نہیں پہنچا۔ اس طرح یہ انتہائی قابل قدر ڈیٹا، تصاویراورمعلومات فراہم کرے گا۔ مشن کے دوران روور نظام شمسی کی اصلیت، سیارے اور زندگی سے متعلق سائنسی اعداد و شمار بھی حاصل کرے گا۔

 امارات کا چاند روور جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ ہوگا(فوٹو ٹوئٹر)

 امارات کا چاند روور جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ ہوگا جو تھری ڈی کیمرہ، حرکت کا جدید نظام، سینسر اور مواصلات کے نظام پر مشتمل ہوگا جسے سولر پینلز کے ذریعے توانائی فراہم کی جائے گی۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 20 جولائی کو مریخ پر پہلا مشن روانہ کرکے تاریخ رقم کی تھی۔ عرب دنیا کے پہلے خلائی مشن ’ہوپ پروب‘ نے جاپان سے مریخ کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ 
امارات کے اس خلائی مشن کو مسبار الأمل (ہوپ پروب ) کا نام دیا گیا تھا. مشن کو مریخ کے مدار تک پہنچنے میں لگ بھگ 200 دن درکار ہوں گے۔ جس وقت مریخ پہنچے گا اس وقت متحدہ عرب امارات کے عوام ریاست کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کا جشن منا رہے ہوں گے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں