گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 612 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں گزشتہ روز اضافے کے بعد بدھ کو نمایاں کمی ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق بدھ 30 ستمبر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 418 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 34 ہزار605 ہو گئی ہے۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 612 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک 3 لاکھ 19 ہزار 154 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کورونا سے 29 افراد ہلاک ہوئے۔ اموات کی مجموعی تعداد چار ہزار 768 ہو چکی ہے۔
مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 10 ہزار 683 ہے جن میں سے 993 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد جدہ میں رہی جہاں 43 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
مکہ میں 31، ریاض 31، ینبع 29، مدینہ 23، بلجرشی 21، دمام 21، خمیس مشیط 15، جازان 15، ابہا 12، المبرز 11، الخفجی 10 اوراللیث میں 6 کیسز کا پتا چلا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 21 شہروں میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک، 12 شہروں میں 2، 2 اور11 شہروں میں 3،3 جبکہ 2 شہروں میں 4،4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پچھلے ایک ماہ سے کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے امید افزا ہیں۔