Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر کے ذریعے وزٹ ویزے میں توسیع کیسے؟

ویزا ختم ہونے سے سات روز قبل توسیع کی جاسکے گی۔ (فوٹو سبق) 
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ابشر کے ذریعے وزٹ ویزے میں توسیع کی دو شرائط کے ساتھ ویزا ختم ہونے سے سات روز قبل کی جاسکے گی۔  
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مقیم غیرملکی نے محکمہ پاسپورٹ سے اس کی سرکاری ویب سائٹ  پر سوال بھیجا تھا کہ اہلیہ کا وزٹ ویزا ابشر میں 8 نومبر 2020 کو اور پاسپورٹ میں 25 نومبر 2020 کو ختم ہورہا ہے۔ کیا ابشر کے ذریعے ویزے میں توسیع کرسکتا ہوں؟
محکمہ پاسپورٹ نے جواب میں کہا کہ  ویزے کی میعاد ختم ہونے سے 7 روز قبل فیملی وزٹ ویزے اور بزنس وزٹ ویزے میں دو شرائط پوری کرکے توسیع ہوسکتی ہے۔  
پہلی شرط یہ ہے کہ مطلوبہ فیس ادا کردی جائے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ وزٹ ویزے پر آنے والے کا میڈیکل انشورنس مقررہ ضابطے کے مطابق ہو۔ دونوں شرائط پوری ہونے پر ویزے میں ابشر کے ذریعے توسیع ہوسکتی ہے۔ 
محکمہ پاسپورٹ نے سعودی شہریوں اور ان کے غیرملکی اہل خانہ (شوہر یا بیوی، بیٹے بیٹیاں) اور ان کے ہمراہ مملکت میں مقیم گھریلو عملے کو پڑوسی ملکوں سے براہ راست بری سرحدی چوکیوں کے راستے مملکت واپس آنے کی اجازت دی ہے۔ 
محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ یہ  اجازت شاہی ہدایات کی تعمیل میں دی گئی ہے۔ مقررہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کے ساتھ اس پر عمل درآمد ہوگا۔ 
محکمہ پاسپورٹ نے کہا  کہ جو سعودی خواتین و حضرات بری سرحدی چوکیوں کے راستے مملکت واپس آنا چاہتے ہوں انہیں رشتے کے دستاویزی ثبوت ہمراہ لانا ہوں گے۔

بزنس وزٹ ویزے میں بھی شرائط پوری کرکے توسیع ہوسکتی ہے(فوٹو ایس پی اے)

یہ پابندی غیرسعودیوں کے حوالے سے ہے۔انہیں یہ کارروائی بری سرحدی چوکی پر پہنچنے سے قبل پیشگی منظوری حاصل کرنے کے لیے کرنی ہوگی۔ کارروائی ابشر کے ذریعے ہوگی۔
  واپس آنے کے خواہشمند خفجی یا الرقعی  یا البطحا یا کنگ فہد پل کے راستے واپس آسکتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں ان چوکیوں میں سے کسی ایک کے راستے آسکیں گے۔ اگلےمرحلے میں دیگر سرحدی چوکیاں بھی کھول دی جائیں گی۔
محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا  کہ غیرملکیوں کو واپس آتے وقت پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ ہمراہ لانا ہوگا۔

شیئر: