سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ’ترجم‘ پروجیکٹ ترجمے کے عالمی دن کے موقع پر متعارف کرایا گیا ہے۔
ترجم پروجیکٹ کے تحت معتبر علمی وادبی تحریریں عالمی زبانوں سے عربی میں ترجمہ ہوں گی جبکہ عرب تصنیفات دنیا کی اہم زبانوں میں ترجمہ کرکے شائع کی جائیں گی۔
اس پروجیکٹ کا مقصد عربی زبان کے سکالرز اور طلبہ کو علمی و ادبی اہمیت کے حامل مضامین عربی میں فراہم کرنا ہے۔ اس کا مقصد بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کی کوشش بھی ہے۔
عرب تمدن کی تاریخ میں ترجمے نے ماضی میں موثر کردارادا کیا تھا۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے اس تاریخی کردار کا احیا کیا جائے گا۔ اسلامی تاریخ کے قافلہ سالاروں نے یونانی فلسفے کےعمدہ مضامین ترجمہ کرکےعربی میں منتقل کیے تھے۔ انہوں نے ایسا کرکے انسانی آگہی کو پروان چڑھانے میں بہت اہم کردارادا کیاتھا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی شاہ عبدالعزیز پبلک لائبریری کی جانب سے بھی عالمی زبانوں میں شائع ہونے والی کتابوں کا عربی زبان میں ترجمہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری زبانوں میں شائع ہونے والی کتابوں کے عربی میں تراجم کا مقصد بین الاقوامی سطح پر سائنس اورعالمی ثقافتوں کےبارے میں آگاہی فراہم کرنا، بین الاقوامی سطح پر ہونے والی علمی کاوشوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ ٹیکنالوجی، سائنس، تاریخ، لٹریچر اور سفر ناموں سے متعلق کتب کے عربی میں تراجم شائع کیے جا رہے ہیں۔
شاہ عبدالعزیز پبلک لائبریری کی جانب سے انگریزی، فرانسیسی، جرمن، روسی،ہسپانوی اور جاپانی زبانوں میں تراجم شایع کیے گئے ہیں۔