سعودی وفد نے شیخ صباح الاحمد کی وفات پر تعزیت کی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے گورنروں کے وفد نے اتوار کو امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کرکے شیخ صباح الاحمد کی وفات پر تعزیت کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز، شاہ سلمان کے مشیر شہزادہ خالد بن بندر بن عبدالعزیز، کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد، گورنرعسیر شہزادہ ترکی بن طلال اور گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان وفد میں شامل تھے۔
کویت میں متعین سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد نے بھی وفد کے ہمراہ امیر کویت سے ملاقات کی۔
امیر کویت سعودی وفد کے استقبال کے لیے شاہی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
سعودی گورنرز نے کویتی پارلیمنٹ کے سپیکر مرزوق علی الغانم، نیشنل گارڈ کے نائب صدر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح، شیخ جابر العبد اللہ الجابر الصباح، شیخ ناصر المحمد الاحمد الصباح، شیخ جابر المبارک الحمد الصباح اور کویتی وزیراعظم شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے بھی تعزیت کی۔
ایس پی اے کے مطابق گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر اتوار کو ریاض میں کویتی سفارت خانے پہنچے۔ انہوں نے سفیر کویت شیخ علی الخالد الجابر الصباح اور کویتی سفارت کاروں سے شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر تعزیت کی۔ انہوں نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔