مشرقی ریجن کے متعدد علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔(فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پیر کو جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
مدینہ منورہ کے متعدد علاقے بھی غیر مستحکم موسم سے متاثر ہوں گے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ موسمیات نے بیان میں کہا کہ رات اور صبح مشرقی ریجن کے متعدد علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت مدینہ منورہ میں ہوگا۔ 40 سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت رہے گا۔ سب سے کم درجہ حرارت 17 سینٹی گریڈ ابہا میں متوقع ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ بدھ تک احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں ۔ مملکت کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔
عسیر، جازان ، باحہ اور مکہ مکرمہ میں درمیانے درجے سے لے کر موسلا دھار تک بارشں ہو گی اور ہوائیں تیز چلیں گی۔ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔ مدینہ منورہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔
جازان سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق 6 کمشنریوں میں اتوار کو شام 7 بجے تک بارش ہوتی رہی جبکہ مدینہ منورہ میں گرد آلود ہوا ئیں چلتی رہیں۔ مدینہ کی تین کمشنریوں میں رات 9 بجے تک موسم غیرمستحکم رہا۔