Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی پر7 ججوں کے خلاف تادیبی کارروائی

’مذکورہ ججوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ذاتی مفادات حاصل کیے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیر انصاف نے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر خلاف ورزیوں پر سات ججوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی سپریم کورٹ کے سربراہ کے طور پر وزیر انصاف نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے سات ججوں کو کام سے روک دیا ہے جبکہ انہیں تادیبی کمیٹی کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ججوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ذاتی مفادات حاصل کیے ہیں، منصب سے ناجائز طور پر فائدے اٹھائے ہیں، بلا عذر کام سے غیر حاضر ہوئے ہیں اور فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عدالتی نظام میں تادیبی کمیٹی کو خلاف ورزی کی سنگینی کے اعتبار سے قید، جرمانہ یا ملازمت سے فارغ کرنے کا اختیار ہے۔

شیئر: