Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

4 سالہ بچے پر تشدد کرنے والا غیر ملکی گرفتار

’بچوں پر تشدد کرنا جرم ہے، قانون نے انہیں ہر طرح کے تشدد سے محفوظ رکھنے کی ضمانت دی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ پولیس نے پبلک پراسکیوٹر کے حکم پر 4 سالہ بچے پر تشدد کرنے والے غیر ملکی کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی جس میں ایک شخص کو اپنے 4 سالہ بچے کو رسیوں سے باندھ کر پیٹتے دکھایا گیا۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود المعجب نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
پبلک پراسیکیوشن نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’حکم ملنے پر متعلقہ ادارے نے ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت کرلی‘۔
’معلوم ہوا کہ وہ غیر ملکی ہے اور مکہ مکرمہ میں مقیم ہے، اسے فوری طور پر گرفتار کرنے کے لیے متعلقہ پولیس کو ہدایت کی گئی‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’سعودی قوانین کے مطابق بچوں پر تشدد کرنا جرم ہے، قانون میں بچوں کے تحفظ اور انہیں ہر طرح کے تشدد سے محفوظ رکھنے کی ضمانت دی گئی ہے‘۔
دوسری طرف مکہ مکرمہ پولیس نے کہا ہے کہ ’ہدایات ملنے پر پولیس کی ٹیم نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا اور تفتیش شروع کر دی ہے‘۔
’معلوم ہوا کہ وہ بچے کا باپ ہے جس کی عمر 40 سال کے لگ بھگ ہے، ضابطے کی کارروائی کے بعد اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے گا‘۔

شیئر: