پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں پی ٹی اے نے کہا ہے کہ معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے غیر اخلاقی اور نامناسب مواد کی شکایات سامنے آنے پر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ٹی اے اس سے قبل دو بار ٹک ٹاک انتظامیہ کو غیرمناسب مواد ہٹانے کے لیے خبردار کر چکا تھا۔
مزید پڑھیں
-
بیگو ایپ بلاک، ٹک ٹاک کو حتمی انتباہNode ID: 493656
-
ڈیٹنگ ایپس پر پابندی: 'اب مرد کہاں جائیں'Node ID: 502406
-
'ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد بلاک کیا جائے'Node ID: 507051
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ شکایات کی نوعیت اور ٹک ٹاک پر مسلسل پوسٹ کیے جانے والے مواد کو دیکھتے ہوئے ایپ کمپنی کی انتظامیہ کو حتمی نوٹس دیا اور مناسب وقت دیتے ہوئے اتھارٹی کی ہدایات پر عمل کے لیے کہا تاکہ غیراخلاقی مواد کو روکنے کے لیے میکنزم بنایا جا سکے تاہم اس پر عمل نہ کیا گیا۔
گزشتہ ماہ پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ٹک ٹاک پر شیئر کیے جانے والے مواد پر معاشرے کے مختلف افراد کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد پی ٹی اے کے چیئرمین نے ٹک ٹاک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ آن لائن اجلاس کیا تھا۔
یاد رہے کہ ستمبر کے مہینے کے اوائل میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں پانچ ڈیٹنگ ایپس پر پابندی عائد کی تھی۔
واضح رہے کہ اگست کے مہینے میں لاہور میں ایک شہری نے عدالت سے ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کی درخواست دائر کی تھی جسے سماعت کے لیے منظور کر لیا گیا تھا۔
پی ٹی اے سوشل میڈیا اور موبائل ایپس کے خلاف کریک ڈاون کیوں کر رہا ہے؟
گذشتہ ماہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ترجمان خرم علی مہران نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم نے اچانک کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔
’جن ایپس پر پابندی لگائی جاتی ہے ان کے مواد کو دیکھیں تو اس میں ایسا مواد موجود ہوتا ہے جو غیر مہذب کے زمرے میں آتا ہے۔ پی ٹی اے ایسے تمام مواد کو مانیٹر کرتا ہے اور بعض صورتوں میں شکایات بھی موصول ہوتی ہیں تو پھر اسی کے مطابق ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔‘

ترجمان پی ٹی اے نے اس تاثر کی نفی کی کہ پی ٹی اے ایک دم سے کارروائی کر رہی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)