Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو، نوجوان گرفتار

ڈرائیور کو ٹریفک اتھارٹی کے حوالے کردیا گیا ہے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں طائف محکمہ ٹریفک نے متعدد خلاف ورزیوں کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کرنے والے مقامی شہری کو گرفتار کیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ گاڑی کے ڈرائیور نے ایک سے زیادہ خلاف ورزیوں کا ریکارڈ ازخود سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلائی جا رہی ہے اور گاڑی پر نمبر پلیٹ بھی نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈرائیور نے شاہراہ پرتیز رفتاری سے ڈرائیونگ کی جس سے نہ صرف ان کی بلکہ دوسروں کی زندگی کے لیے بھی خطرات پیدا ہوئے۔
محکمہ ٹریفک نے مزید کہا کہ گاڑی کے ڈرائیور نے ایک سے زیادہ ویڈیو کلپس شیئر کیے ہیں جن میں ایک کلپ اس میں جیپ چلاتے ہوئے بھی ہے۔
محکمہ ٹریفک نے بتایا کہ نوجوان کو حراست میں لے کر ٹریفک قانون میں مقرر سزائیں دلانے کے لیے ٹریفک اتھارٹی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ 

شیئر: