Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اجازت نامے کے بغیر کسی کو مکہ نہیں جانے دیا جا رہا‘

چیک پوسٹوں پر اجازت نامے چیک کیے جارہے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ روڈ سیکیورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر عبدالعزیز الحماد نے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کو جس کے پاس اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرے کا اجازت نامہ نہیں ہوتا اسے مکہ جانے نہیں دیا جا رہا۔
الاخباریہ چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سیکیورٹی فورس کے کمانڈر نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے اطراف قائم چیک پوسٹوں پرعمرہ زائرین کے اجازت نامے چیک کیے جارہے ہیں۔
اجازت نامے میں دیکھا جاتا ہے کہ اجازت نامہ ہولڈر وہی ہے جس کا نام اجازت نامے میں درج ہے۔ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ اسے مکہ جانے کی اجازت کس تاریخ کے لیے دی گئی ہے۔ 
اس سوال پر کہ کیا عمرہ اجازت نامہ ہولڈر مقررہ تاریخ سے قبل مکہ مکرمہ جاسکتا ہے اور کیا اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ نہ رکھنے والے مکہ مکرمہ جاسکتے ہیں؟ 
بریگیڈیئر عبدالعزیز الحماد نے بتایا کہ اگر سیکیورٹی اہلکاروں کو یہ پتہ چل جاتا ہے کہ اعتمرنا کے ذریعے عمرہ اجازت نامہ رکھنے والا قبل از وقت مکہ جانے کی کوشش کررہا ہے تو اسے واپسی کی ہدایت کردی جاتی ہے اور اس سے کہا جاتا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر ہی عمرہ ادا کرنے کے لیے مکہ  کا سفر کرے۔
 انہو ں نے مزید کہااکہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرے کا اجازت نامے کے بغیر کسی کو مکہ جانے نہیں دیا جاتا- 

پہلے مرحلے میں یومیہ 6 ہزار زائرین کو اجازت دی گئی تھی(فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ 4 اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے مرحلے میں یومیہ 6 ہزار زائرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی جو صرف سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں تک کے لیے محدود تھی۔ 
 18 اکتوبر سے 2 لاکھ 50 ہزار مقامی زائرین کو عمرے کی اجازت دی جائے گی جبکہ یکم نومبر سے تیسرے مرحلے میں غیر ملکی زائرین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ 

شیئر: