Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تارکین وطن کی دائر شکایات میں اضافہ

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وفاقی محتسب کو ان ڈیسکوں پر عملے کی غیر حاضری کی شکایات بھی کی گئی تھیں (فوٹو:ٹوئٹر)
اوورسیز پاکستانیوں کی وفاقی اداروں سے متعلق شکایات کے حوالے سے وفاقی محتسب کو گزشتہ ایک سال میں سب سے زیادہ شکایات وزارت امیگریشن، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ سے متعلق موصول ہوئی ہیں۔
وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں وفاقی حکومت کے زیر انتظام محکموں کے خلاف وفاقی محتسب میں دائر شکایات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ان شکایات میں ایک بڑی تعداد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ہے جس میں انہوں نے وفاقی اداروں سے متعلق اپنے ساتھ پیش آنے والے مسائل بارے شکایت کی ہے۔
مجموعی طور پر یکم جنوری 2020 سے 30 ستمبر تک وفاقی محتسب کو ایک لاکھ 4 ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 94 ہزار شکایات نمٹائی جا چکی ہیں۔  گزشتہ سال 53 ہزار 213 شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں سے 53 ہزار 73 کو نمٹایا گیا تھا۔
رواں سال کورونا اور وفاقی محتسب کی جانب سے ایئر پورٹس پر قائم سہولت ڈیسک کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات میں کمی آئی ہے۔
وفاقی محتسب میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قائم شکایات مرکز کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وفاقی محتسب نے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کو فوری طور پر حل کرنے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ون ونڈو ڈیسک قائم کیے ہیں جہاں بیرون ملک پاکستان سے متعلق 12 سرکاری محکموں کے افسران چوبیس گھنٹے موجود رہتے ہیں اور مسافروں کی شکایات کو موقع پر ہی حل کردیا جاتا ہے۔

وفاقی محتسب کی جانب سے ایئر پورٹس پر قائم سہولت ڈیسک کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات میں کمی آئی ہے (پاکستان قونصل خانہ جدہ)

حکام کا کہنا ہے کہ ’کوئی بھی پاکستانی بیرون ملک سے واپس آئے اور اسے کسی بھی ادارے سے متعلق شکایت ہو تو وہ ایئر پورٹ پر قائم سہولت ڈیسک سے رابطہ کر سکتا ہے۔ وہاں پر موجود متعلقہ ادارے کے حکام شکایات سنتے اور فوری طور پر اس کا ازالہ کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق ’اس سہولت ڈیسک کی وجہ سے گزشتہ ایک سال کے دوران ایک لاکھ شکایات کو موقع پر حل کیا گیا ہے۔ صرف وہ شکایات ہی وفاقی محتسب یا شکایات کمشنر کے پاس آئیں جس میں تنازعے کی شدت زیادہ تھی یا شکایت کنندگان مطمئن نہیں ہوئے۔‘
دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وفاقی محتسب کو ان ڈیسکوں پر عملے کی غیر حاضری کی شکایات بھی کی گئی تھیں جس کے بعد وفاقی محتسب نے نہ صرف اسلام آباد ایئر پورٹ پر ون ونڈو ڈیسک کا دورہ کیا بلکہ ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ہنگامی اجلاس بھی منعقد کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ’کوئی بھی پاکستانی بیرون ملک سے واپس آئے تو وہ ایئر پورٹ پر قائم سہولت ڈیسک سے رابطہ کر سکتا ہے(پاکستان قونصل خانہ جدہ)

اس موقع پر وفاقی محتسب طاہر شہباز نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستان ملک کا اثاثہ ہیں جو سالانہ 22 ارب ڈالر زرمبادلہ بھیج رہے ہیں۔ ان کے مسائل کا حل حکومتی اداروں کی ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں  نے کہا کہ ’ون ونڈو سہولت ڈیسکوں پر متعلقہ اداروں کے حکام کی حاضری ایک مسئلہ ہے۔ اداروے اپنے اندرونی گورنینس کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے متعلقہ افسران کی حاضری یقینی بنائیں۔‘
یاد رہے کہ وفاقی محتسب نے پاکستان کے وفاقی محتسب نے پاکستان کے تمام سفارت خانوں کو بھی ہدایت کر رکھی ہے کہ پاکستان کے سفیر ہفتے میں ایک دن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختص کریں۔ اس دن سفیر پاکستانیوں کی شکایات سن کر ان کا فوری ازالہ کریں۔ اس سلسلے میں ہر سفارت خانے کی طرف سے وفاقی محتسب کو ہر ماہ ایک مفصل رپورٹ بھی ارسال کی جاتی ہے۔

شیئر: