Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلہ فیس جمع کرانے میں ناکامی، طالب علم کی خودکشی

حماد این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلے کے خواہش مند تھے (فوٹو: فیس بک)
یونیورسٹی داخلے کی فیس کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں ایک نوجوان نے خودکشی کر لی ہے۔
خود کشی کا دلخراش واقعہ جمعرات کی رات نیو کراچی حور اپارٹمنٹ میں پیش آیا جہاں نوجوان حماد نے گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کی۔
یوپی موڑ کے رہائشی حماد کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کے یونیورسٹی داخلے کی فیس کا بندوبست نہیں ہو سکا تھا جس بات سے دل برداشتہ ہو کر اس نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں متوفی کے والد کا کہنا تھا کہ حماد انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں اے گریڈ سے پاس ہوئے تھے اور این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلے کے خواہش مند تھے، تاہم اس کی فیس کے پیسے جمع نہیں ہو سکے تھے۔
اطلاعات کے مطابق حماد کے والد بطور سیلز مین ایک سٹور پر نوکری کرتے ہیں اور ان کے معاشی حالات کچھ زیادہ اچھے نہیں۔ ایسے میں انہوں نے بیٹے کی پڑھائی کے لیے یونیورسٹی کی داخلہ فیس کے پیسے جمع کرنے کی کوشش کی مگر ایسا نہیں ہو سکا۔
داخلہ فیس کے پیسوں کا بندوبست نہ ہونے سے حماد دل برداشتہ ہوئے اور گھر والوں کا کہنا ہے کہ یہی بات ان کی موت کی وجہ بنی، اور انہوں نے خود کشی جیسا انتہائی اقدام اٹھایا۔

شیئر: