سفر سے قبل متعلقہ ممالک کے قوانین سے آگاہی ضروری
جمعہ 16 اکتوبر 2020 12:07
عرب ممالک جانے والے سعودیوں کے پاسپورٹ کی کم ازکم میعاد تین ماہ ضروری ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے ضوابط مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں۔ کئی ممالک پیشگی انتباہ کے بغیر نئی پابندیاں عائد کردیتے ہیں۔
سعودی عرب سے سفر کرنے والے غیرملکی اور سعودی شہری سفر سے قبل ان ملکوں کے قوانین و ضوابط کے بارے میں آگہی حاصل کرلیں جہاں کا وہ سفر کرنے جارہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ سعودی ائیر پورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے مختلف ملکوں کا سفر کرنے والے سعودی اور غیرملکی اس بات کا لحاظ رکھیں کہ وہ جس ملک کا سفر کررہے ہیں اس کے قواعد و ضوابط پر وہ پورا اتر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بعض ممالک کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعدد پابندیاں لگائے ہوئے ہیں۔ ان کا احترام نہ کرنے والے سعودیوں اور غیرملکیوں کا سفر منسوخ ہوسکتا ہے۔ اس کا بھی امکان ہے کہ انہیں متعلقہ ملک کے ایئر پورٹ پر پہنچنے کے بعد انہیں سعودی عرب واپس لوٹا دیا جائے۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ جی سی سی ممالک کا سفر پاسپورٹ کے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔ ماضی میں شناختی کارڈ پر سفر کی اجازت تھی اب نہیں ہے۔
عرب ممالک جانے والے سعودیوں کے پاسپورٹ کی کم ازکم میعاد تین ماہ اور دیگر ملکوں کے لیے کم از کم چھ ماہ ضروری ہے۔ سعودی شہری اس بات کی پابندی کریں۔