سعودی عرب میں ایوان شاہی نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری اور نجی ادارے کورونا وائرس سے پاک ہونے کا ثبوت حاصل کرنے کے لیے صرف ’توکلنا‘ ایپ پر انحصار کریں۔
اخبار 24 کے مطابق سرکاری اور نجی ادارے ملازمین پر یہ پابندی لگائے ہوئے ہیں کہ اگر ان میں سے کوئی کورونا وائرس میں مبتلا ہوجاتا ہے تو اسے ڈیوٹی پر اسی صورت واپس آنے لہ اجازت دی جاتی ہے جب وہ کورونا سے صحت یابی کا سرٹیفکیٹ پیش کرے۔
شاہی منظوری میں یہ واضح کردیا گیا ہے کہ سرکاری و نجی اداروں کے دفاتر میں ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات کے تحت توکلنا ایپ پر انحصار کیا جائے۔ علاوہ ازیں ریٹیل و تھوک کے کاروباری مراکز، تجارتی مراکز، ریستورانوں، قہوہ خانوں، بازاروں اور چہل قدمی کے مقامات کے سلسلے میں بھی توکلنا ایپ ہی قابل قبول ہوگی۔
تمام سرکاری و نجی اداروں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ یہ جاننے کے لیے ان کا ملازم کورونا وائرس سے پاک ہے اس سلسلے میں توکلنا ایپ ہی استعمال کریں اور اس مقصد کے لیے کسی بھی ملازم سے کوئی دستاویز نہ طلب کی جائے۔