Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نواز شریف 15 جنوری تک پاکستان کی جیل میں ہوں گے‘

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان، نواز شریف سے لُوٹی گئی رقم بھی وصول کریں گے (فوٹو: روئٹرز)
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں برطانیہ، امریکہ اور متحدہ عرب امارات سے ملزمان کے تبادلے کے معاہدے جان بوجھ کر نہیں کیے۔ 
’ان کی جائیدادیں ان ممالک میں ہیں اور انہیں پتا تھا کہ کسی دن کوئی مسئلہ ہوا تو یہ خود پھنس جائیں گے لیکن ہمارے لیڈر کی بیرون ملک جائیداد ہے نہ کاروبار اس لیے ہم ان معاہدوں کو آگے بڑھائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کو واپس لانے کے لیے حکومت کے پاس اور بھی کئی راستے ہیں۔‘
 
’حکومت نواز شریف کو پاکستان لائے گی، وہ 15 جنوری تک پاکستان کی جیل میں ہوں گے کیونکہ ان کی اصل جگہ جیل ہی ہے۔‘
جمعے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان انہیں نہیں چھوڑیں گے، ان سے لُوٹی گئی رقم بھی وصول کریں گے اور انہیں سزا بھی دلوائیں گے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ہم نے نہیں بلکہ سندھ پولیس نے گرفتار کیا اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔
’لگتا ہے بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے اپنی والدہ کا بدلہ لیا ہے، کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری میں ہمارا ہاتھ نہیں، فوٹیج میں سارے پاکستان نے دیکھا کہ یہ ایک ڈرامہ تھا، فوٹیج میں اس شخص کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جو ان کا محافظ تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فوٹیج سے ان کا جھوٹ بھی سامنے آگیا ہے، ان لوگوں نے جمہوریت کو کمزور کیا، جب یہ لوگ اقتدار میں ہوتے ہیں تو ووٹ کی عزت بھول جاتے ہیں۔
 شبلی فراز نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن والے آپس میں ایک دوسرے سے بھی مخلص نہیں، اور سیاست سیاست کھیل رہے ہیں، سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، وہاں جو ہوتا ہے اس کی یہ ہی ذمہ دار ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’نواز شریف کو واپس لانے کے لیے حکومت کے پاس اور بھی کئی راستے ہیں‘ (فوٹو: روئٹرز)

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف مریم نواز کہتی ہیں کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے واقعے کی انکوائری کرنے کی ضرورت نہیں، اور دوسری طرف ان کا کہنا ہے کہ انکوائری ہوئی تو وہ پیش ہوں گی۔ مریم نواز کی باتوں میں تضاد ہے، جھوٹ تو ان کی گُھٹی میں شامل ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا، ماڈل ٹاؤن لاہور میں خواتین پر فائرنگ کی، ہیلی کاپٹر سے بے نظیر بھٹو کی تصاویر گرائیں، کیا اس وقت چادر اور چار دیواری کا تقدس نہیں تھا؟
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے حکومت ختم ہونے کے دعوے کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انہوں نے جنوری میں حکومت کے جانے کی تاریخ دی ہے، لیکن ہوشیار رہیں انہوں نے سال نہیں بتایا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں