Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے شہری بغیر ویزا اسرائیل جا سکیں گے

دونوں ممالک نے ایم او یو پر دستخط کیے ہیں( فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کے شہری بغیر ویزے کے اسرائیل جا سکیں گے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام  نے وزارت برائے امور خارجہ و بین الاقوامی تعاون کے جاری کردہ اعلامیے کے حوالے سے بتایا کہ اماراتی شہری جلد بغیر ویزا حاصل کیے اسرائیل کا 90 روز تک کا دورہ کرسکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ویزے سے استثنی کا یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کے تحت کیا گیا ہے۔ ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس کی توثیق کے ساتھ ہی یہ نافذالعمل ہوجائے گا۔

سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں کو فروغ ملے گا۔ (فوٹو وام)

 معاون وزیر برائے ثقافت عمر سیف غباش نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے جبکہ اسرائیل کی وزارت داخلہ کی پاپولیشن اینڈ امیگریشن اتھارٹی کے ڈی جی شلومو مور یوسف نے اس پر دستخط کیے ہیں۔
عمر سیف غباش نے اس موقع پر کہا کہ اس ایم او پر عملدرآمد سے متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ رکھنے والے افراد بغیر ویزا لیے اسرائیل میں داخل ہونے کے اہل ہوں گے۔ 
 پیشرفت دونوں ممالک کی جانب سے تعلقات اور تعاون کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار ہے اور اس سے ان مواقع کے حصول کی راہ ہموار ہوگی جو خطے میں تعاون کی نئی راہوں کو کھولنے کے لیے دونوں ممالک کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے خطے کی اقتصادی استعداد کا حصول ممکن ہوگا اور یہ خطے کے اور دنیا کے لوگوں کے بہتر مستقبل اور آنے والی نسلوں کی فلاح کو ممکن بنائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویزا سے استثنی کی وجہ سے سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں کو فروغ ملے گا۔ 

شیئر: