خواتین سے پرس چھیننے اور لوٹ مار میں ملوث ملزمان گرفتار
جمعہ 23 اکتوبر 2020 19:14
مقامی گروہ چار سعودی نوجوانوں پر مشتمل ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پولیس نے موٹر سائیکل سوار ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو دکانوں پر لوٹ مار اور خواتین کے پرس چھین رہے تھے۔
ریاض پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس نے ایک بیان میں کہا کہ دکانوں پر لوٹ مار کرنے اور خواتین کے پرس چھیننے والا ایک مقامی گروہ گرفتار کیا گیا ہے جو چار سعودی نوجوانوں پر مشتمل تھا ۔ رہزنی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پولیس کے معاون ترجمان نے بتایا کہ مقامی نوجوان دکانوں میں ڈاکے ڈال رہے تھے۔ تجارتی مراکز میں گھس کر کارکنان کو زدوکوب کرتے اور نقدی چھین کر فرار ہوجاتے تھے۔
علاوہ ازیں راہ چلتی خواتین سے پرس چھین کر موٹر سائیکلوں پر فرار ہوجاتے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ رہزنوں نے گرفتاری کے بعد بیان قلمبند کراتے ہوئے نہ صرف یہ کہ وارداتوں کا اعتراف کیا بلکہ طریقہ واردات کی تفصیلات بھی بتائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاروں کو حراست میں لے کر ابتدائی قانونی کارروائی کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔