Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں نے صدر کے لیے ٹرمپ نامی لڑکے کو ووٹ ڈال دیا ہے‘

صدر ٹرمپ نے قبل از وقت ووٹنگ کے تحت اپنا ووٹ ڈالا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے اپنا ووٹ ڈال دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی صدر نے ویسٹ پام بیچ کے پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالا ہے۔
امریکہ میں قبل از وقت ووٹنگ کے تحت صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا ووٹ صدارتی انتخابات سے پہلے ہی ڈال دیا ہے۔
امریکہ میں صدارتی انتخابات 3 نومبر کو متوقع ہیں جس میں ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار سابق نائب صدر جو بائیڈن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی ووٹ ڈالنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کے لیے یہ انتہائی اعزاز کی بات ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے فلوریڈا کے پولنگ سٹیشن میں ووٹ ڈالنے کے بعد مسکراتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ٹرمپ نامی لڑکے کے لیے ووٹ ڈالا ہے۔‘
امریکہ میں قبل از وقت ووٹنگ کے تحت اب تک 5 کروڑ 50 لاکھ شہری اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔
ابتدائی اندازے کے مطابق ٹرمپ کے حریف اور ڈیموکریٹ جماعت کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو انتخابات میں ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔
تاہم صدر کے انتخاب میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے والی امریکی ریاستوں میں جو بائیڈن کو ٹرمپ کے مقابلے میں کم ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ فلوریڈا کا شمار بھی انہی ریاستوں میں ہوتا ہے جو امریکی صدر کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس سال پولنگ سٹیشنز پر جا کر ووٹ ڈالنے میں شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے جس کے باعث ڈاک کے ذریعے ووٹ بھیجے جا رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے فلوریڈا کے پولنگ سٹیشن پر خود جا کر ووٹ ڈالنے کے مرحلے کو انتہائی محفوظ قرار دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پولنگ سٹیشن پر جا کر ووٹ ڈالنا ڈاک کے ذریعے بھجوانے سے کہیں زیادہ محفوط ہے۔ صدر ٹرمپ کے خیال میں ڈاک کے ذریعے ووٹ بھجوانے کا عمل فراڈ کا بھی شکار ہو سکتا ہے۔ 
امریکہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کا باعث بن سکتے ہیں۔
امریکہ میں جمعے کے روز تقریباً 83 ہزار نئے کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اب تک 2 لاکھ 24 ہزار امریکی شہری کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: