Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطری رائے عامہ امریکی پالیسی کے خلاف

زیادہ تر قطری شہریوں نے امریکہ کی مشرق وسطیٰ میں پالیسی کی مخالفت کی ہے (فوٹو: گیٹی)
عرب نیوز کے تحت ہونے والے سروے کے مطابق قطر کے زیادہ تر شہری حالیہ امریکی اقدامات کے خلاف ہیں۔
قطر کا شمار امریکہ کے اتحادی ممالک میں ہوتا ہے جہاں مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا امریکی فوجی اڈہ قائم ہے اور امریکی فوجی ساز و سامان پر قطر عربوں ڈالر سالانہ خرچ کرتا ہے۔ تاہم عرب نیوز کے سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر کے عوام کی سوچ اس کی حکومت کی امریکہ نواز پالیسیوں کے برعکس ہے۔ 
سروے کے مطابق قطر کے عوام امریکہ کے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت اور مشرق وسطیٰ میں شدت پسندی کے خلاف جنگ میں کردار کی حمایت نہیں کرتے۔
عرب نیوز اور یو گوو کے تحت کیے گئے سروے میں 18 عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار 960 افراد کے سامنے مختلف سوالات رکھے گئے جن میں قطر کے شہری بھی شامل تھے۔ مجموعی طور پر 56 فیصد جواب دہندگان کے خیال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شدت پسندی کے خلاف جنگ میں رکاوٹ بنے ہیں، جبکہ قطر سے 79 فیصد جواب دہندگان نے صدر ٹرمپ کو رکاوٹ قرار دیا۔
سروے میں حصہ لینے والے قطری  شہریوں نے صدر ٹرمپ کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبرداری کی بھی مخالفت کی ہے۔
2017 میں عرب ممالک کے قطر کے ساتھ بائیکاٹ کے بعد سے قطر نے امریکہ کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی غرض سے بیشتر اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد سفارتی سطح پر تنہا ہونے سے بچنا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق بائیکاٹ کے بعد سے قطر نے ایران کے ساتھ رابطے مختلف شعبوں میں بڑھا دیے ہیں۔

55 فیصد قطری شہری ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ بحال کرنے کے حق میں ہیں (فوٹو: شٹر سٹاک)

سروے کے مطابق دیگر عرب ممالک کے مقابلے میں قطر کے شہری ایران سے متعلق قدرے نرم رائے رکھتے ہیں۔ 62 فیصد قطری جواب دہندگان کے خیال میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، جبکہ سعودی عرب، یمن اور عراق سے سروے میں اپنی رائے دینے والے شہریوں کے خیال میں قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ سعودی عرب سے 68 فیصد، یمن سے 71 فیصد، جبکہ عراق سے 57 فیصد جواب دہندگان کے خیال میں امریکہ حملہ مثبت ثابت ہوا ہے۔
سروے میں شامل ہونے والے قطری شہریوں میں سے 55 فیصد کے خیال میں امریکہ کو ایران کا جوہری معاہدہ بحال کرنا چاہیے، جبکہ 16 فیصد نے ایران پر امریکی معاشی پابندیوں کی حمایت کی ہے۔

شیئر: