کورونا سے مرنے والے صحت کارکنان کی فیملیز کو پانچ لاکھ ریال ملیں گے: سعودی کابینہ
کورونا سے مرنے والے صحت کارکنان کی فیملیز کو پانچ لاکھ ریال ملیں گے: سعودی کابینہ
بدھ 28 اکتوبر 2020 0:28
فیصلہ سعودی اور غیرملکی دونوں صحت کارکنوں پر لاگو ہوگا۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری یا نجی اداروں کے ہر اس صحت کارکن کی فیملیز کو پانچ لاکھ ریال دیے جائیں گے جس کی موت کورونا وبا سے ہوئی ہے۔ یہ فیصلہ سعودی اور غیرملکی دونوں صحت کارکنوں پر لاگو ہوگا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منگل کو سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ فیصلے پرعملدرآمد 2 مارچ 2020 میں کورونا وائر س کےسامنے آنے والے پہلے کیس سے ہوگا۔ اس فیصلے میں سعود ی غیر سعودی، عسکری اورغیرعسکری تمام صحت کارکن شامل ہیں۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے نمائندے کو بتایا کہ کابینہ نے متعدد فیصلے کیے ہیں۔
وزیر سیاحت کو ہنگری کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور کنگ عبدالعزیز اکیڈمی کے سیکریٹری جنرل کو انڈونیشیا کے قومی دستاویز مرکز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔
کابینہ نے جی ٹوئنٹی کے ماتحت بی ٹوئٹنی کے مشترکہ اعلامیے پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے یہ کہا کہ جی ٹوئٹنی نےعالمی معیشت کے تحفظ کے لیے گیارہ ٹریلین ڈالر لگا ئے جبکہ 14 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی سے غریب ترین ممالک کو سہولت دی۔ یہ کام مملکت کی قیادت میں انجام پایا ہے۔
کابینہ نے جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک کے وزرائے انسداد بدعنوانی کےاجلاس پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔