گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹس بنانے والے 2 غیر ملکی گرفتار
گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹس بنانے والے 2 غیر ملکی گرفتار
جمعہ 30 اکتوبر 2020 11:01
ملزمان کے قبضے سے تیارشدہ 15 پلیٹیں برآمد ہوئیں(فوٹو، ٹوئٹر)
طائف کمشنری میں پولیس ٹیم نے گاڑیوں کی جعلی نمبرپلیٹیں بنانے کےالزام میں 2 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق بظاہر ملزمان گاڑیوں کی ڈیکوریشن کا سامان فروخت کرنے والی دکان پر کام کرتے تھے مگر ان کا اصل کام جعلی نمبر پلیٹس بنانا تھا۔
پولیس نے اپنے سنیپ چیٹ اکاونٹ پر جعل سازی میں ملوث ملزمان کی وڈیو بھی جاری کی ہے جس میں ان کی تیار کردہ جعلی نمبر پلیٹس کو بھی دکھایاگیاہے۔
متبادل نمبر پلیٹ حاصل کرنے کےلیے پولیس میں رپورٹ کرانی لازمی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
پولیس بیان کے مطابق ملزمان کا تعلق پاکستان سے ہے۔ انکے قبضے سے تیار شدہ 15 جعلی نمبر پلیٹس اور پلیٹس تیار کرنے کا سامان کے علاوہ مخصوص کمپیوٹر و پرنٹر بھی برآمد ہوا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں پراسیکیوش جنرل کے سپرد کردیا گیا ہے جہاں ان پر جعلی نمبر پلیٹس بنانے کا کیس بنایا گیاہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں گاڑیوں کی نمبرپلیٹس صرف ٹریفک پولیس کا ادارہ ہی جاری کرتا ہے ہر نمبر پلیٹ کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جاتی ہے۔
سرکاری ادارے سے جاری کی جانے والی مخصوص نمبرپلیٹس ہی گاڑیوں میں لگائی جاسکتی ہے دوسری پلیٹ لگانا قانونی طور پر جرم ہوتا ہے۔
نمبر پلیٹ کے ہندسوں کو چھپانا جرم ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کے حروف کو ٹیپ لگا کر چھپادینا بھی جرم ہے جس پر سخت سزا دی جاتی ہے۔
نمبر پلیٹ گم ہونے کی صورت میں دوسری پلیٹ جاری کرنے کے لیے پولیس میں رپورٹ کرانا لازمی ہے جس کے بعد متبادل نمبر پلیٹ جاری کی جاتی ہے۔