Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان میں سعودی شہری شامل ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں مملکت کے مختلف شہروں میں چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث متعدد مقامی اور غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 
 وزارت داخلہ نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر وڈیو بیان میں کہا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سعودی شہری شامل ہیں۔ 
سبق نیوز نے وزارت داخلہ کے وڈیو بیان کے حوالے سے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک تیز رفتار کار کو روکنے کا اشارہ کیا مگر ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے چیک پوسٹ سے تیزی سے نکالنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے اس کی گاڑی دیگر گاڑیوں سے ٹکرائی۔
بیان میں کہا گیا  کہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر اس سے چرس اور پستول برآمد ہوا۔ 
قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے چار سعودیوں کو مختلف دکانوں میں اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کرنے اور موٹرسائیکلوں پر خواتین کے پرس چھین کرفرار ہونے کے الزام میں بھی گرفتار کیا ہے۔ 
بیان میں مزید کہا گیا کہ جعلی موبائل سمز کے کارروبار میں ملوث 5 بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 71 ہزار 669 ریال اور 14 سو سے زائد جعلی موبائل سمز برآمد کی گئی جو انہوں مختلف لوگوں کے شناختی کارڈز پر جاری کی تھیں۔ 
ایک اور کارروائی میں 3 ایتھوپین باشندوں کو حراست میں لیا گیا جو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب تھے جبکہ ان پرمسلح ڈکیتی ، لوٹ مار، گاڑی کی چوری اور پولیس اہلکاروں سے مقابلے کا بھی الزام تھا۔
ملزمان کے قبضے سے 54 ہزارریال سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی جو انہوں نے وارداتوں میں چرائی تھی۔ 
قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے مختلف شہروں سے 3 سعودیوں کو حراست میں لیا ہے جن پر مسلح ڈکیتی کا الزام ہے۔ 
وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا  کہ تمام ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں پراسیکیوش جنرل کے ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں سے ان کا مقدمہ عدالت میں پیش کیا جائےگا۔   

شیئر: