بیروت دھماکوں کے متاثرین کے لیے پراجیکٹ
نامور ڈیزائنر بیروت دھماکوں کے متاثرین کی مدد کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
لبنان میں بعض ڈیزائنرز نے 'کریئٹیو فار لبنان' کے نام سے ایک غیرمنافع بخش تنظیم قائم کی ہے جس کا مقصد چار اگست کے بم دھماکوں کے متاثرین کی مدد کرنا ہے۔
اس پراجیکٹ میں حصہ لینے والے ڈیزائنرز مین کیرولین عیسیٰ، رسیل چلوب اور سبین گیٹی شامل ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق 'بیروت ری سٹور' کے عنوان سے اس آن لائن پلیٹ فارم میں برانڈز اور ابھرتے ہوئے فیشن ڈیزائنر کے 300 ملبوسات اور دیگر اشیا موجود ہیں جو لبنان کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ہر ایک کی قیمت 33 ڈالرز سے چار ہزار 250 ڈالرز کے درمیان ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کی گئی رقم لائف جنریشن یو ایس کو منتقل ہوگی۔
یہ ادارہ بیروت میں فوری مدد فراہم کرتا ہے اور طالبعلموں کے سکالرشپ کے لیے بھی فنڈز مہیا کرتا ہے۔
اس پلیٹ فارم میں نامور ڈیزائنرز کے ملبوسات رکھے گئے ہیں۔ لوگ اس کی آن لائن خریداری کر سکتے ہیں۔
ملبوسات کے علاوہ زیورات اور دیگر اشیا بھی رکھے گئے ہیں۔
ڈیزائنرز اور برینڈز نے بیگس اور ٹی شرٹ بنائے ہیں جن پر بیروت سے متعلق الفاظ تحریر ہیں۔ ان ڈیزائنرز میں ڈیار بھی شامل ہے۔
یونانی ڈیزائنر میری کنترانزو نے ایک سکارف بنایا ہے جس پر لبنانی پوسٹ کارڈز بنے ہوئے ہیں جبکہ ڈیزائنر میرا میکاتی نے ایک ہوڈی بنائی ہے جس پر ’وی لو لبنان‘ تحریر ہے۔
دیگر ڈیزائنرز نے بھی اس خیراتی پراجیکٹ میں حصہ لیا ہے، ان میں سیندرا منصور، میسن ربیح کیروز، ہیرون پرسٹن اور کرسچین لوبوٹان شامل ہیں۔