Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کی عام شاہراہوں پر ہوائی فائرنگ کرنے والے دو افراد گرفتار

’ویڈیو وائرل ہوتے ہی پبلک پراسیکیوٹر نے مذکورہ افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کردی‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض پولیس نے شہر کی عام شاہراہوں پر ہوائی فائرنگ کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی جس میں دو افراد کو اپنی گاڑی میں سوار ریاض کی عام شاہراہوں پر سفر کے دوران ہوائی فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔
ریاض ریجن پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان سعودی شہری ہیں جن کی عمریں 30 سال کے لگ بھگ ہیں‘۔
’ویڈیو وائرل ہوتے ہی متعلقہ کمیٹی نے مذکورہ افراد کی شناخت کر لی جس کی بنا پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے‘۔
’انہوں نے ریاض شہر کے مشرقی علاقوں میں عام شاہراہوں پر سفر کے دوران ہوائی فائرنگ کر کے شہریوں اور غیر ملکیوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کی ہے‘۔
’دونوں افراد اس وقت پولیس حراست میں ہیں اور ان سے تفتیش جاری ہے‘۔
قبل ازیں پبلک پراسیکیوٹر نے ویڈیو وائرل ہونے پر مذکورہ افراد کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی۔

’گرفتار شدگان سعودی شہری ہیں جن کی عمریں 30 سال کے لگ بھگ ہے، ان سے تفتیش جاری ہے‘ ( فوٹو: عاجل)

پبلک پراسکیوٹر نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’عوامی مقامات میں ہوائی فائرنگ کرنا بڑے جرائم میں شمار ہوتا ہے‘۔
’علاوہ ازیں مذکورہ افراد نے اسلحہ کی نمائش کر کے لائسنس کے ضوابط کی بھی خلاف ورزی کی ہے‘۔

شیئر: