سعودی شہری نے مراکشی اہلیہ کے ہمراہ ریستوران کھول لیا
البخاری الملکی (شاہی بخاری پلاو) صارفین میں مقبول ہے۔(فوٹو المرصد)
سعودی شہری مساعد الدھیش نے سعودی عرب کے معروف شہر عنیزہ میں اپنی مراکشی اہلیہ کے ہمرا ریستوران کھول لیا۔
دونوں مل کر ریستوران چلا رہے ہیں۔ اس کی ڈش البخاری الملکی (شاہی بخاری پلاو) صارفین میں مقبول ہے۔
المرصد ویب کے مطابق سعودی شہری نے ٹوئٹر پر وڈیو شیئر کی ہے انہوں نے بتایا کہ’ کم عمری سے پکوان کا شوق رہا ہے۔ اپنی والدہ سے کھانے کا فن سیکھا۔ اپنی مراکشی اہلیہ کے تعاون سے ریستوران کھولنے کا فیصلہ کیا جسے پذیرائی مل رہی ہے‘۔
مساعد الدھیش نے بتایا کہ’ الخباری الملکی منفرد ڈش ہے ۔مملکت بھر میں واحد شخص ہوں جو اس کا ماہر ہوں‘۔
’اس منفرد ڈش کا اپنا ذائقہ اور خوشبو ہے۔ یہ مرغ مسلم میں چاول بھر کر تیار کی جاتی ہے‘۔
سعودی شہری کا کہنا ہے کہ’ ریستوران کھولنے سے قبل سعودی عرب کے ایک بینک میں اے ٹی ایم کیش ورکر کے طور پر کام کر رہتا تھا۔ اسی دوران پکوان کے شوق نے ریستوران کھولنے پر آمادہ کیا اور اہلیہ کے تعاون سے یہ خواب پورا ہو گیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’ ریستوران کھولنے کے کئی اسباب بن گئے ایک سبب یہ بھی تھا کہ والدہ اپنا گھر چھوڑنے کو تیار نہیں تھیں اور وہ تنہا نہیں رہ سکتی تھیں‘۔
ریستوران کو عوام میں مقبول بنانے کے حوالے سے پیش آنے والی مشکلاات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ’ ریستوران کھولے ابھی دوہفتے نہیں ہوئے تھے کہ کورونا کے باعث لاک ڈاون ہوگیا جس سے کاروبار متاثر ہوا لیکن اب صورتحال بدل گئی ہے‘۔