مسجد الحرام میں منفی رجحانات کے انسداد کے لیے 50 اہلکار تعینات
’منفی رجحانات اور مظاہر کے انسداد کے لیے اہلکار دن کے 24 گھنٹے کام کرتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
مسجد الحرام میں منفی رحجانات و مظاہر کے علاوہ ایس او پیز کی خلاف ورزی روکنے کے لیے 50 اہلکار تعینات ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے تحت کام کرنے والے یہ اہلکار حرم مکی شریف کے اندرونی اجزا کے علاوہ بیرونی صحنوں میں زائرین کی نگرانی پر مامور ہیں۔
منفی رجحانات اور مظاہر کے انسداد کی ٹیم کے سربراہ بندر خوج نے کہا ہے کہ ’50 اہلکار دن کے 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں کام کرتے ہیں‘۔
’ٹیم کے اہلکار نہ صرف زائرین کی طرف سے ہونے والے منفی رجحانات اور مظاہر کا انسداد کرتے ہیں بلکہ ادارے کے اہلکاروں کی بھی نگرانی کرتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’حرم مکی شریف کو منفی رجحانات سے پاک کرنے کے علاوہ اس کی روحانیت برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے‘۔