وزیراعلیٰ سندھ بھی کورونا کا شکار
پاکستان میں کورونا سے اب تک سات ہزار 160 افراد ہلاک ہوچکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری بیان کے مطابق مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے جمعے کی نماز کے بعد اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعے کے دن انہیں ہلکا بخار محسوس ہوا تھا۔
دوسری جانب گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے دو ہزار 128 نئے کیسز سامنے آئے۔
پیر کی صبح نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے مزید 19 افراد ہلاک ہوگئے۔
پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 59 ہزار 32 ہوگئی ہے۔ اس وبا سے اب تک ملک میں سات ہزار 160 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 28 ہزار 48 ہے۔
ملک میں کورنا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 23 ہزار 324 ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 55 ہزار 680 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ میں کورونا سے اب تک دو ہزار 747 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 450 ہے جب کہ اس وبا سے اب تک دو ہزار 475 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 42 ہزار 370 اور ایک ہزار 311 اموات ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں اب تک 24 ہزار 218 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 257 ہے۔
بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار 407 جب کہ اموات 156 ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد پانچ ہزار 455 اور اموات 121 ہے جب کہ گلگت بلتستان میں مریض چار ہزار 452 اور اموات 93 ہیں۔