Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کو اقتدار کی چھٹی سالگرہ پر کابینہ کی طرف سے مبارکباد

’کابینہ نے خادم حرمین شریفین کو اقتدار سنبھالنے کی 6 ویں یاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بیعت کی تجدید کی ہے‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں مقامی اور بین الاقوامی امور اور معاملات پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے بحرینی وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ کو دلی تعزیت پیش کی۔
شاہ سلمان نے کابینہ کو نائیجیریا کے صدر سے ٹیلیفون پر کی جانے  والے رابطے کے متعلق آگاہ کیا۔
بعد ازاں کابینہ نے خادم حرمین شریفین کو اقتدار سنبھالنے کی 6 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بیعت کی تجدید کی ہے۔
کابینہ ارکان نے شاہ سلمان کے عہد اقتدار میں سعودی عرب میں ہونے والی ترقی، اصلاحات اور مستقبل کی کامیاب منصوبہ بندی کے علاوہ جی 20 کی سربراہی کرتے ہوئے عالمی برادری میں ملک کے مقام کی بلندی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا ہے۔
کابینہ نے مجلس شوری میں شاہ سلمان کے سالانہ خطاب اور اس میں پیش کیے جانے والے وژن کو بھی سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین نے اپنے خطاب میں ملک کی اندرونی اور بیرونی پالیسیوں کا احاطہ کیا ہے۔
 کورونا وائرس کے مابعد اثرات کو محدود کرنے کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات اور عازمین حج و عمرہ زائرین کو پیش کی جانے والی سہولتوں کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔
کابینہ نے ولی عہد و وزیر دفاع کے خطاب کو بھی سراہا ہے جس میں انہوں نے وژن 2030 کے حصول کے لیے اب تک کیے جانے والے اقدامات کے علاوہ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لیے اختیار کی جانے والی پالیسوں کا ذکر کیا ہے۔

’کابینہ نے جی 20 کی سربراہی کرتے ہوئے عالمی برادری میں ملک کے مقام کی بلندی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا ہے‘ (فوٹو: واس)

قائم  مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے واس کو بتایا ہے کہ ’کابینہ نے ہفتہ اور اتوار کو جی 20 کانفرنس کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیاہے جس میں جی 20 کی قیادت عالمی معیشت کی بہتری کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات پر غور کریں گے۔
کابینہ نے جی 20 کے وزرائے خزانہ کے اجتماع کے نتیجے میں ہونے والے اتفاق رائے پر غور کیا جس میں جی 20 ممالک کو یہ ترغیب دی گئی کہ کورونا کے باعث مقروض ممالک کے ساتھ رعایت کی جائے۔

شیئر: