متحدہ عرب امارات نے کورونا کی وجہ سے ایک بار پھر پاکستان سمیت متعدد ممالک کے شہریوں کے لیے وزٹ اور ورک ویزہ کے اجرا پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی جانب سے اردو نیوز کو بتایا گیا کہ ’اماراتی حکومت نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر پاکستانیوں کے لیے وزٹ یعنی سیاحتی اور ورک ویزہ پرمٹ پر پابندی لگائی ہے۔ تاہم پاکستان سے ریڈ پاسپورٹ پر سفر کرنے کے مجاذ افراد جن میں وزراء، سفارت کار اور اعلی سرکاری افسران شامل ہیں کے ویزے سفارت خانے میں پروسیس کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری کر دی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان سمیت 12 ممالک کے لیے نئے وزٹ ویزوں کے اجرا کی عارضی طور پر معطلی کے بارے میں علم ہوا ہے۔ اس معطلی کا اطلاق پہلے سے جاری شدہ ویزوں پر عائد نہیں ہوگی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ اقدام کورونا کی دوسری لہر سے متعلق ہو سکتا ہے۔ ہم اس بارے میں اماراتی حکام کے سے تصدیق کر رہے ہیں۔‘
