جی ٹوئنٹی کانفرنس کی کوریج کے لیے انٹرنیشنل میڈیا سینٹر
جی ٹوئنٹی کانفرنس کی کوریج کے لیے انٹرنیشنل میڈیا سینٹر
جمعہ 20 نومبر 2020 6:13
وزارت صحت کی گائیڈ لائن کے تحت سینٹر تک محدود رسائی دی گئی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں سال کے سب سے بڑے ایونٹ جی ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس کی کوریج کے لیے انٹرنیشنل میڈیا سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں ہونے والے فیصلے اور نتائج سے دنیا بھر کو باخبر رکھا جائے گا۔
سی این این اور بی بی سی سمیت ذرائع ابلاغ کے نمائندے کوریج کے لیے ریاض پہنچ گئے ہیں۔ میڈیا سینٹر میں وزارت صحت کی گائیڈ لائن کے تحت محدود رسائی دی گئی ہے۔
میڈیا سینٹر میں کئی ترجمان ہیں جو بیس سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ کر سکتے ہیں۔ ٹی وی کوریج اور انٹرویو کےلیے بھی تمام جدید سہولتیں موجود ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اورعکاظ اخبار کے مطابق انٹرنیشنل میڈیا سینٹر منفرد ہے اور یہ دنیا کے بڑے ابلاغی مراکز میں سے ایک ہے۔ یہاں سیکڑوں صحافی پیشہ وارانہ انداز میں کانفرنس کی کوریج کر سکیں گے۔
انٹرنیشنل میڈیا سینٹر ریاض جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے جہاں کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
وزارت اطلاعا ت ونشریات نے میڈیا سینٹر نے قائم کیا ہے جبکہ اس کا افتتاح قائم مقام وزیر اطلاعا ت ماجد القصبی نے کیا ہے۔
سعودی صحافی صحت و سلامتی کے ضوابط اور سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے کانفنرس کی کوریج کی تیاریوں میں لگے ہو ئے ہیں۔
وزارت اطلاعات نے کورونا وبا کے پیش نظر بیرون ملک سے محدود تعداد میں صحافی مدعو کیے ہیں۔ سیکڑوں صحافیوں نے ورچوئل سربراہ کانفرنس کی کوریج کے لیے جی ٹوئنٹی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کرائی ہے۔
قائم مقام وزیر اطلاعا ت نے غیر ملکی صحافیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ’ وزارت چاہتی ہے کہ تمام میڈیا پرسن معتبر انداز میں کانفرنس کی کوریج کریں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ مملکت نے میڈیا کے لیے اپنے دروازے کھولنے سے قبل اپنا دل بھی کھول دیا اور ہیلتھ ایس او پیز کے ساتھ میڈیا کا خیر مقدم کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مملکت نے 2020 کے دوران جی ٹوئنٹی کی قیادت کرتے ہوئے متعدد پروگرام پیش کیے ہیں جن کی بدولت کورونا کی وبا سے نمٹنے اوراقتصادی نظام کو تیزی کے ساتھ بحرانی حالات سے نکلنے میں مدد ملی ہے‘۔