Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سمیت متعدد شہروں میں موسلادھار بارش

’حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث جدہ بندرگاہ میں جہاز رانی وقتی طور پر معطل کردی گئی‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
جدہ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ انڈرپاسز کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تیز ہوا اور بارش کی وجہ سے جدہ کی اسلامی بندر گاہ میں جہاز رانی وقتی طور پر معطل کر دی گئی تھی۔
بندر گاہ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’حد نگاہ متاثر ہونے کی وجہ سے جہاز رانی معطل کی گئی تھی اسے بعد ازاں بحال کیا گیا ہے‘۔
دوسری طرف محکمہ شہری دفاع نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جدہ سمیت ریجن کے دوسرے شہروں میں بارش کا امکان اب بھی موجود ہے‘۔
’شہری وغیر ملکی بارش کے دوران پر خطر مقامات سے دور رہیں، سیلاب کی گزرگاہوں، ڈھلانوں اور وادیوں کے قریب نہ جائیں‘۔
ادھر محکمہ موسمیات نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن سمیت مدینہ منورہ، شمالی حدود، حائل، الجوف، مشرقی ریجن اور قصیم میں بارش کا امکان ہے‘۔
دریں اثنا جدہ میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جس کے باعث فیملیوں نے ساحل سمندر اور پارکوں کا رخ کیا۔

شیئر: