فرار ہونے والے 15 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
لبنان کی ایک جیل سے 70 قیدی فرار ہو گئے۔ قیدیوں نے جیل کا دروازہ توڑ کر محافظوں پر حملہ کر دیا اور بھاگ گئے۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی خبر میں اے پی نیوز ایجنسی کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ جیل توڑ کر بھاگنے والوں میں سے 5 قیدی ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے ببڈا کی ایک جیل میں 70 قیدیوں نے جیل کا دروازہ توڑ دیا اور راہ فرار اختیار کر لی۔
کار میں فرار ہوتے ہوئے پانچ قیدی اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کی کار تیزرفتاری کے باعث درخت سے ٹکڑا کر حادثے کا شکار ہو گئی۔ پولیس کی جانب سے ان کا تعاقب کیا جا رہا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے والی قیدیوں میں سے 15 کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چار قیدیوں نے خود کو دوبارہ پولیس حکام کے حوالے کردیا۔
سکیورٹی اداروں نے پولیس کے ساتھ مل کر جیل کے آس پاس کے علاقے کو سیل کردیا ہے اور مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے بیان کے مطابق جیل توڑنےاور قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔