امارات: غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سو فیصد ملکیت کا حق
امارات: غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سو فیصد ملکیت کا حق
منگل 24 نومبر 2020 8:25
سرمایہ کاری کے قانون میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر عائد مقامی شہری کی شراکت کی پابندی ختم کر دی ہے۔
اب غیر ملکی سرمایہ کار امارات میں سو فیصد ملکیتی کمپنیاں قائم کر سکیں گے۔
’ الامارات الیوم‘ کے مطابق امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے اپنے یہاں کمپنیوں کے قانون میں ترمیم پر مشتمل صدارتی فرمان جاری کر دیا۔
اماراتی حکومت اپنے یہاں اقتصادی اداروں کو مناسب قانونی ماحول فراہم کرنے کے لیے سابقہ قوانین میں ترامیم کر رہی ہے اور کمپنیوں و منصوبہ سازوں کو اپنے یہاں پرکشش ماحول مہیا کرنے کے لیے نئے قوانین بھی بنائے جا رہے ہیں۔
امارات کے نئے قانون کے مطابق آئندہ غیر ملکی سرمایہ کار اور صنعت کار کسی قومیت کی پابندی کے بغیر 100 فیصد ذاتی کمپنی قائم کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں پہلے ایک شرط یہ تھی کہ جو غیر ملکی کمپنی امارات میں اپنی شاخ کھولنا چاہتی ہو اسے کسی مقامی شہری کی خدمات حاصل کرنا ضروری تھا اب یہ پابندی اٹھا لی گئی ہے۔
امارات نے سرمایہ کاری کے نظام میں بہت ساری ترامیم کی ہیں جن کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھے گی اور علاقائی و بین الاقوامی سرمایہ کار امارات کا رخ کریں گے۔