غزہ میں ہسپتالوں کے لیے 15 وینٹی لینٹرز کی کویتی امداد
غزہ میں ہسپتالوں کے لیے 15 وینٹی لینٹرز کی کویتی امداد
اتوار 29 نومبر 2020 22:30
اس وقت غزہ کے ہسپتالوں میں کورونا کے 342 مریض موجود ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کے مختلف ہسپتالوں میں 15 وینٹی لیٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے فلسطینی علاقے کے ہسپتال میں صحت کی حفاظت کے لیے جدید آلات کی سہولتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ کے لیے 15 وینٹی لیٹرز کا یہ عطیہ کویت کے مالی تعاون سے کیا گیا ہے۔اس سے ہسپتالوں میں داخل کورونا وائرس کے مریضوں کی جلد صحت یابی میں مدد ملے گی۔
غزہ کی وزارت صحت کے عہدیدار عبداللطیف الحاج نے اس سلسلے میں کہا ہے ہے کہ یہ طبی آلات مریضوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں طبی عملے کو مدد فراہم کریں گے تاہم یہ امداد ناکافی ہے۔
الحاج نے مزید بتایا کہ غزہ کے اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کو علاج کےلیے ضروری آکسیجن کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
غزہ میں اس وقت کورونا وائرس کے تقریبا 20 ہزار مریض سامنے آئے ہیں اب تک 97 مریض موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جن میں زیادہ تعداد اگست کے مہینے میں سامنے آئی ہے۔
20 لاکھ افراد پر مشتمل گنجان آباد علاقوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے اس آبادی میں بیشتر افراد غربت میں رہتے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ اس وقت ہسپتالوں میں کورونا کے 342 مریض موجود ہیں جن میں سے 108 کی حالت تشویشناک ہے۔
اس علاقے کے ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں میں سے 150 کو گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں داخل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس موجود آدھے سے زیادہ وینٹی لیٹرز استعمال میں ہیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے غزہ کے ذیلی دفتر میں ایمرجنسی ہیلتھ کے ذمہ دار عبدالنصر صبوح کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹرز کے آنے سے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔
عبدالنصر صبوح نے کہا کہ غزہ میں ہمیں کورونا کےمریضوں کے علاج کے لئے درکار دواوں اور ڈسپوزایبل سامان کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے۔
حماس کی زیرقیادت غزہ کے فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور اس کی جانب سے سرحدی ناکہ بندی کی وجہ سے 13 سال کی اقتصادی پابندیوں نے ان کی معیشت کو انتہائی کمزور کردیا ہے اور طبی سہولیات کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث وبائی امراض سے نمٹنے کی صلاحیتیں بھی قابل قدر نہیں ہیں۔
اسرائیل نے پڑوسی ملک مصر کے ساتھ لگائی گئی سرحدی پابندیوں کے لئے سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوبئے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں کورونا مریضوں کی صحتیابی کے لیے طبی سامان کی منتقلی کو محدود نہیں کیا۔