کراچی: ’زبردستی گلے لگانے اور بوسہ لینے‘ پر کورونا سے متاثرہ ملازم کے خلاف مقدمہ
پولیس کے مطابق سٹی کورٹ تھانے میں درج مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت اور دھمکی دینےکی دفعات شامل کی گئی ہیں (فوٹو:ٹوئٹر)
تنخواہ روکنے پر کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس جمیل فاروقی کو گلے لگانے والے کورونا سے متاثرہ ملازم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ مقدمہ کے ایم سی ڈائریکٹر ہیومن ریسورس جمیل فاروقی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سٹی کورٹ تھانے میں درج مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت اور دھمکی دینےکی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر ہیومن ریسورس جمیل فاروقی نے ایف آئی آر کے متن میں کہا ہے کہ ’کے ایم سی کے ملازم شہزاد انور کچھ افراد کے ہمراہ میرے دفتر میں آئے، شہزاد انور نے زبردستی مجھے گلے لگایا اور بوسہ دیا۔‘
ایف آئی آر کے مطابق ’کے ایم سی افسر نے بعد میں مجھے بتایا کہ وہ کورونا پازیٹو ہے، اگر ملزم کورونا پازیٹو ثابت ہوگیا تو وبائی امراض پھیلانے کی دفعہ بھی شامل کی جائے۔‘
واقعے کی ویڈیو میں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازم شہزاد انور جمیل فاروقی کو یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ انہوں نے ان کی تنخواہ روکی پھر بھی وہ ان سے ملنے آئے ہیں، جبکہ بعد میں وہ انہیں بتاتے ہیں کہ انہیں کورونا ہو چکا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ دونوں افسران میں اس سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر بحث ہوئی تھی جو تلخ کلامی کی صورت اختیار کر گئی۔
بعد ازاں معاملے کو رفع دفع کرنے کے لیے دیگر ساتھیوں کی جانب سے بیچ بچاؤ کروایا گیا، اسی دوران شہزاد انور جمیل فاروقی کی طرف بڑھے اور انہیں گال پر بوسہ دیا۔
یہ واقعہ سینیئر ڈائریکٹر کے دفتر میں پیش آیا جسے کمرے میں موجود ایک افسر نے فلم بند کر لیا۔