سابق سوڈانی صدر ہسپتال منتقل، کورونا ٹیسٹ کیاجائےگا
حکام نے سابق صدر کو بھائی کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہیں دی(فوٹو، ٹوئٹر)
سابق سوڈانی صدرعمر البشیر کوخرابی صحت کی وجہ سے ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں انکا کورونا ٹیسٹ بھی کیاجائےگا۔
ویب نیوز ’عاجل‘ نے سوڈانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ سابق سوڈانی صدر عمر البشیر جو کہ اپریل 2019 سے دارالحکومت ’خرطوم‘ کی ’کوبر‘ جیل میں قید ہیں کی صحت اس وقت مزید خراب ہو گئی جب گزشتہ ہفتے انکے بھائی جنرل عبداللہ حسن احمد البشیر کا کورونا کی وجہ سے انتقال ہو گیاتھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ سابق صدر ’کورونا‘ وائرس کا شکارہوں۔ اگرچہ ان میں کورونا کی علامات نہیں پائی جاتی تاہم حکام نے انکا کورونا ٹیسٹ اس لیے کرانے کا عندیہ دیا ہے کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ ایک ہی بیرک میں قید تھے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حکام نے سابق صدر کوان کے بھائی کے جنازے میں شرکت کی اجازت بھی نہیں دی تھی۔
دریں اثنا سوڈانی جریدے ’السودانی‘ کا کہنا ہے کہ حکام نے سابق صدر عمرالبشیر کوانتہائی کڑی نگرانی میں 2 گھنٹے کےلیے اس بات کا اجازت دی کہ وہ اہل خانہ سے تعزیت وصول کرسکیں۔