مملکت: مسئلہ فلسطین کے حوالے سے آج بھی اپنےاصولی موقف پر قائم ہے، کابینہ
اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی حالات پرغور کیاگیا(فوٹو، ایس پی اے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس منگل کی شب منعقد ہوا۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پرمرتب ہونے والے حالات کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی معاملات زیر غور آئے۔
سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے قائمقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی کے حوالے سے کہا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں شرکا نے مملکت کی عالمی اورعرب ممالک کی سطح پرامن و امان ،پائیدار ترقی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کے حوالے سے ملنے والے مقام کو سراہا۔
کابینہ کے اجلاس میں عرب و عالمی حالات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مملکت اورجمہوریہ مصر کے مابین ہونے والے سیاسی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیے جانے والے نکات پرکمیٹی کے اعلامیہ کو مدنظر رکھتے ہوئے غور کیاگیا۔
قائمقام وزیر اطلاعات نے مزید کہا کابینہ کے اجلاس میں فلسطین کے مسئلے پر بھی اپنے اصولی موقف کی تائید کی گئی جس پر مملکت ہمیشہ سے قائم رہا ہے ۔اجلاس میں شرکا نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے دور سے آج تک فلسطین کے حوالے سے مملکت کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اجلاس میں اس امر کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مملکت ہمیشہ کی طرح آج بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور فلسطینی اراضی پر اسرائیل قبضے کے خلاف ہے جو بین الاقوامی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی اورخطے میں مستقل امن کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے کی جانے والی مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں اور ڈرون حملوں کی بھی بھرپور مذمت کی گئی۔
اجلاس میں مختلف اعلی سطحی فیصلے بھی کیے گئے جن میں جاپان کے ساتھ دوطرفہ سیاحت کے فروغ کےلیے وزیر سیاحت یا انکے نائب کو بات چیت کرنے کا اختیار دیاگیا۔
کابینہ کے اجلاس میں روزگار کے حوالے سے لیبر مارکیٹ کےلیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔