سوڈان دہشت گردی کے معاون ملکوں کی فہرست سےخارج
واشنگٹن نے پہلی بار 27 برس قبل سوڈان کو اسلامی عسکریت پسندوں کی مدد کے الزام میں بلیک لسٹ کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ نے سوڈان کو ان ملکوں کی فہرست سے نکال دیا ہے جو دہشت گردوں کی مدد کرنے کے الزام میں بلیک لسٹ ہیں۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ نے سوڈان کے ساتھ تعلقات میں یہ بنیادی تبدیلی اس فیصلے کے دو ماہ سے بھی کم مدت میں کی جب سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا عندیہ ظاہر کیا۔
امریکہ کے اس فیصلے سے سیاسی بحران میں گھرے اور وبا کی وجہ سے معاشی مشکلات کے شکار سوڈان کے لیے امداد کے حصول کے راستے کھلیں گے اور بیرونی سرمایہ کاری کا حصول بھی آسان ہوگا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ سوڈان کو ان ملکوں کی فہرست سے نکال رہے ہیں جن پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام ہے۔
خیال رہے کہ واشنگٹن نے پہلی بار 27 برس قبل سوڈان کو اسلامی عسکریت پسندوں کی مدد کے الزام میں بلیک لسٹ کیا تھا۔ پیر کو خرطوم میں امریکی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس حوالے سے باضابطہ فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ بعد ازاں امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے تصدیق کی کہ سوڈان کو دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے ملکوں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔
امریکی فیصلے کے بعد سوڈان کی فوج کے چیف جنرل عبدالفتح البرہان، جو ملک کا انتظام چلانے والی خودمختار کونسل کے سربراہ بھی ہیں، نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سوڈان کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔