’جدہ میں موسم سردی مائل ہوگیا، متعدد محلوں میں کہیں تیز اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی‘ (فوٹو: طقس العرب)
جدہ میں درمیانے درجے کی بارش ہوئی ہے۔ دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
جدہ میں آج علی الصبح موسم ابر آلود ہو گیا اور سردی بڑھ گئی، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بادل گہرے ہوتے گئے
اور آٹھ بجے کے قریب شہر کے مختلف حصوں میں بارش شروع ہو گئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے ساحلی علاقوں سمیت قصیم، شمالی حدود اور مدینہ منورہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔
’اسی طرح تبوک، ریاض اور شمالی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جس سے حدنگاہ متاثر ہو گی‘
محکمے کے مطابق ’جبیل، الخبر، دمام اور القطیف میں دھند چھائی رہے گی۔‘
’عسیر اور جنوبی علاقوں میں رات 10 بجے تک موسم ابرآلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا بھی امکان ہے۔‘
’طائف، اضم اور میسان میں بھی موسم کم و بیش ایسا ہی رہے گا اور وہاں بھی رات گیارہ بجے تک بارش ہو سکتی ہے‘
دوسری طرف ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہا ہے اگلے چند روز تک سعودی عرب میں مطلع صاف نہیں ہو گا اور شمالی علاقوں میں سردی بڑھے گی جبکہ داخلی علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم اور رات کے وقت سرد ہو گا۔