مسجد الحرام میں زائرین کو 30 لاکھ لیٹر آب زمزم کی فراہمی
مسجد الحرام میں زائرین کو 30 لاکھ لیٹر آب زمزم کی فراہمی
بدھ 16 دسمبر 2020 18:41
زائرین کی سلامتی کےلیے کورونا ضوابط پرمکمل عمل کیاجاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
مسجد الحرام میں کورونا وبا کے بعد سے عمرہ زائرین کی آمد مرحلہ وار بحال ہورہی ہے۔ گزشتہ 3 ماہ میں مسجدالحرام کی انتظامیہ نے زائرین میں 30 لاکھ لیٹر آب زم زم تقسیم کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق گزشتہ مارچ کے آخری ہفتے میں کورونا کی وبا کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف کو عام لوگوں کےلیے بند کردیا گیا تھا۔
اس ضمن میں ادارہ مسجد الحرام میں ’سقیا زمزم‘ کے ڈائریکٹر احمد الندوی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں ۔
آب زم زم پلانے کے لیے 50 کارکنوں کو مسجد الحرام میں متعین کیا گیا ہے جنہیں خصوصی واٹرکولرفراہم کیے ہیں جس میں 10لیٹر آب زم زم آتا ہے ۔
عارضی بندش کا مقصد کورونا کی وبا سے لوگوں کو محفوظ رکھنا تھا۔ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت کےلیے مرحلہ وار پابندی اٹھائی گئی۔
پہلے مرحلے کا آغاز 4 اکتوبرسے کیا گیا تھا اس دوران روزانہ کی بنیاد پرمملکت کے مختلف شہروں سے 6 ہزارعمرہ زائرین کو اجازت دی گئی ۔
عمرہ کے لیے دوسرا مرحلہ 18 اکتوبر سے شروع کیا گیا جس میں عمرہ زائرین کی روزانہ کی بنیاد پر15 ہزار جبکہ مسجد الحرام میں نماز باجماعت کی ادائیگی کے لیے 40 ہزار افراد کو اجازت دی گئی تھی۔
عمرہ کی بحالی کا تیسرا مرحلہ یکم نومبر کو شروع کیا گیا اس دوران بیرون ملک سے بھی عمرہ زائرین کو مملکت آنے کی محدود تعداد میں اجازت دی گئی-