’ایل او سی پر انڈین فوج کی اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انڈین فوج کی فائرنگ میں اقوام متحدہ کے مبصرین محفوظ رہے (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ انڈین فوج نے لائن آف کنٹرول پر چری کوٹ سیکٹر میں جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں دو فوجی مبصرین موجود تھے۔
جمعہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے مبصرین چری کوٹ سیکٹر میں پولاس گاؤں میں متاثرین سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انڈین فوج نے جمعہ کی صبح 10:45 پر چری کوٹ میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑیاں دور سے واضح طور پہنچانی جاتی ہیں۔
’انڈین فوج کی فائرنگ سے گاڑی کو نقصان پہنچا ہے تاہم خوش قسمتی سے دونوں مبصرین محفوظ رہے۔ پاکستانی فوج نے انہیں بحفاظت راولا کوٹ پہنچایا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق اس طرح کا غیر قانونی اقدام بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
’یہ کارروائی انڈین فوج کے اقوام متحدہ کے چارٹر میں طے کیے گئے اصولوں سے مکمل انحراف کو واضح کرتی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج اقوام متحدہ کے نمائندوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور فرائض کی ادائیگی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو سراہتی ہے۔‘