Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے متجاوز

انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 25 ہزار 152 نئے کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
انڈیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ نئے کیسز گذشتہ تین ماہ کے دوران سب سے کم شرح پر آگئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 25 ہزار 152 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے قبل ستمبر کے دوران یہ تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔
انڈیا میں کورونا کیسز کی تعداد اس کی مجموعی آبادی ایک ارب 30 کروڑ کا ایک فیصد بنتی ہے جو کہ امریکہ کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی دوسری بڑی تعداد ہے۔

 

 انڈین وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 347 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس طرح انڈیا میں وبا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار 136 ہوگئی ہے۔
انڈیا کا شمار ویکسین بنانے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے اور اس وقت ملک میں پانچ کمپنیاں ویکسین کے مختلف ٹرائلز کر رہی ہیں۔
انڈیا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ چار ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
انڈیا آئندہ برس جولائی تک 25 کروڑ افراد کو کورونا ویکیسن فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
‘حکومت کورونا ویکیسن کی 45 سے 50 کروڑ خوارکیں حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔‘

انڈین حکومت کورونا ویکیسن کی 45 سے 50 کروڑ خوارکیں حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ڈاکٹروں اور طبی کارکنوں کو ویکسین فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد یا 50 برس سے کم عمر ایسے افراد کو ویکیسن مہیا کی جائے گی جنہیں دیگر مختلف بیماریاں بھی لاحق ہوں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق انڈیا آٹھ اقسام کی ویکسینز بنانے کا ارادہ رکھتا ہے جن میں برطانوی کمپنی ایسٹرا زینیکا کی کووی شیلڈ نامی ویکسین بھی شامل ہے۔
اس ویکسین کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ صرف انڈیا کے لیے ہی نہیں بلکہ دنیا کے تمام ممالک اس سے مستفید ہو سکیں گے۔
دنیا بھر میں فروخت ہونے والی ویکسین کی 60 فیصد سے بھی زیادہ مقدار انڈیا میں تیار ہوتی ہے۔ فی الحال انڈیا کی 40 ارب ڈالر کی فارماسوٹیکل انڈسٹری فائزر اور موڈرنا کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی پیداوار میں شامل نہیں ہے۔
تاہم انڈین حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں دنیا کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے میں انڈیا اہم کردار ادا کرے گا۔

شیئر: