Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیدرلینڈز نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی

وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی پابندیوں کا اطلاق اتوار سے ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
نیدرلینڈ نے برطانیہ سے اپنے ملک آنے والی مسافر پروازوں کو پابندی عائد کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو نیدرلینڈ کی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ میں کورونا کی نئی لہر کے باعث وہاں سے آنے والی مسافر پروازوں پر یکم جنوری تک پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے سنیچر کو کرسمس کی آمد سے قبل کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سخت پابندیاں لگانے کا اعلان کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس سے قبل حکومت کی جانب سے کرسمس پر پابندیاں نرم کرنے کا کہا گیا تھا۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کی ایک نئی قسم کی وجہ سے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

 

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اب وائرس کے ایک دوسرے میں منتقل ہونے کا تناسب 70 فیصد زیادہ بڑھ گیا ہے جبکہ وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ حکومت کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں بوجھل دل کے ساتھ آپ کو یہ بتا رہا ہوں کہ ہم اب اُس طرح سے کرسمس نہیں منا پائیں گے جس طرح ہم نے پہلے منصوبہ بندی کی تھی۔‘
’میں پوری نیک نیتی سے کہتا ہوں کہ اس کے علاوہ میرے پاس کوئی متبادل پلان نہیں ہے۔‘
اے ایف پی کے مطابق اس وقت دارالحکومت لندن اور جنوب مشرقی انگلینڈ میں ایک تہائی آبادی جو ٹیئر تھری میں تھی اب وہاں ٹیئر فور کی پابندیوں کا اطلاق کیا جائے گا۔  
بورس جانسن نے کہا کہ ٹیئر فور والے علاقوں میں غیر ضروری اشیا کی دکانیں، جم اور ہیئر ڈریسرز کی دکانیں بند رہیں گی تاہم لوگ کام پر جانے، ورزش اور ایجوکیشن یا چائلڈ کیئر کے لیے گھروں سے باہر سکیں گے۔
وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی پابندیوں کا اطلاق اتوار سے ہوگا۔

وزیراعظم کا جانسن کہنا تھا کہ ہم اب اُس طرح سے کرسمس نہیں منا پائیں گے جس طرح ہم نے منصوبہ بندی کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ٹیئر فور میں آنے والے علاقے کے افراد کو کرسمس ببل بنانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی تاہم دیگر علاقوں میں صرف کرسمس کے روز تین گھرانوں کے افراد آپس میں مل سکیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا کہ حکومت 30 دسمبر کو ٹیئر فور پر نظر ثانی کرے گی ہوگی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ نئے سال کی آمد کے موقع پر بھی ایس او پیز کا خیال رکھیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 20 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 67 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: