خمیس مشیط: بلدیہ کی تفتیشی کارروائیاں، 680 کلو سبزیاں ضبط
خمیس مشیط: بلدیہ کی تفتیشی کارروائیاں، 680 کلو سبزیاں ضبط
جمعہ 25 دسمبر 2020 5:45
ریسٹورانٹس میں کام کرنے والوں کے میڈیکل سرٹیفیکٹس چیک کیے گئے۔ (فوٹو: سبق)
خمیس مشیط میں بلدیہ کی ٹیموں نے مختلف مارکیٹوں کے 247 دورے کیے۔ ریجنل ڈائریکٹر بلدیہ انجینئرمحمد الحویطی کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی ٹیموں نے غذائی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں میں 112 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق بلدیہ کی ٹیموں نے اشیائے خور ونوش فروخت کرنے والی دکانوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں نوٹ کرتے ہوئے دکانداروں کے چالان کیے۔
ریجنل ڈائریکٹرکا مزید کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیموں نے 680 کلو گرام غیر معیاری پھل اور سبزیاں ضبط کرکے انہیں تلف کردیا جبکہ 83 لیٹر کھانے کا تیل جو کہ زائد المیعاد تھا بھی تلف کیا گیا۔
بلدیہ کی ٹیموں نے مختلف ریسٹورانٹس میں فروخت کی جانے والی خوراک کے 43 نمونے حاصل کرکے انہیں جانچ کے لیے لیبارٹری ارسال کیا جبکہ ریسٹورانٹس میں کام کرنے والے کارکنوں کے طبی سرٹیفیکٹس کی بھی جانچ کی گئی۔
بیکری کی مصنوعات تیار کرنے والے کارکنوں کے ہاتھوں کا بھی معائنہ کیا گیا جو اوون پر کام کرتے تھے- کارکنوں کے ہاتھوں کے معائنہ کا مقصد اس امر کویقینی بنانا تھا کہ ان میں کسی قسم کی بیماری کے جراثیم نہ ہوں۔
ریجنل ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ لوگ بلدیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کے بارے میں بلدیہ کے ٹول فری نمبر 940 پر فوری طور پر اطلاع فراہم کریں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں