اٹلی:’حزب اللہ کی‘ ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات ضبطگی کے بعد تلف
اٹلی کی بندرگاہ سالرنو پر قبضے میں لی گئیں 84 ملین کیپٹاگون کی گولیوں کے ساتھ دو ٹن حشیش بھی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
اٹلی میں حکام نے کہا ہے کہ ملک کی ایک بندرگاہ پر 15 ٹن منشیات (امفیٹامین) کی کھیپ پکڑی گئی ہے جس کا تعلق لبنان کی تنظیم حزب اللہ سے بتایا جاتا ہے۔
عرب نیوز نے اٹلی کی خبر ایجنسی نووا کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیپلز شہر میں پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ منشییات کی مالیت ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق چند دن قبل ضائع کی گئی منشیات کی کھیپ تین مشکوک کنٹینرز میں چھپائی گئی تھی اور دستاویزات سے یہ تاثر دیا گیا کہ یہ صنعتی استعمال کے لیے ہے۔
اٹلی کی فنانشل کرائمز یونٹ کی جانب سے بتائی گئی تفصیلات کے مطابق یہ شپمنٹ شام کی بندرگاہ سے روانہ کی گئی تھی اور ایک آپریشن کے دوران قبضے میں لی گئی جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ دنیا میں امفیٹامین کی اب تک پکڑی گئی سب سے بڑی کھیپ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یکم جولائی کو اٹلی کی بندرگاہ سالرنو پر قبضے میں لی گئیں 84 ملین کیپٹاگون (امفیٹامین) کی گولیوں کے ساتھ دو ٹن حشیش بھی تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک تحقیق کے مطابق ابتدائی طور پر اطالوی حکام کو شبہ تھا کہ یہ منشیات داعش کے جنگجوؤں سے جڑی ہوئی ہیں تاہم تفتیش میں انکشاف ہوا کہ اس کے پیچھے شام کی حکومت اور لبنان میں اس کی اتحادی حزب اللہ کا ہاتھ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق لبنان میں ایران کے تعاون کام کرنے والی ملیشیا کے لیے منشیات کی سمگلنگ آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔